جمعرات، 29 اکتوبر 2026

بلوچستان کے ضلع واشک میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی، فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد ہلاک: آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع واشک میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک، ٹھکانا تباہ اور اسلحہ برآمد۔ صدر اور وزیراعظم کا خراجِ تحسین۔

شائع 12اپ ڈیٹ
بلوچستان کے ضلع واشک میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی، فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد ہلاک: آئی ایس پی آر

بلوچستان کے ضلع واشک میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ کرکے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کرلیا گیا۔  پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع واشک میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔


آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائی 12 اور 13 اکتوبر کی درمیانی شب دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کی گئی۔ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور کارروائی کے دوران وہاں موجود 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کا ٹھکانہ بھی تباہ کردیا گیا، جبکہ وہاں سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔ آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔



صدرِ مملکت کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے ضلع واشک میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کو سراہتے ہوئے 5 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ صدرِ مملکت نے اپنے بیان میں دہشت گردوں کی مبینہ بھارتی سرپرستی کی مذمت کرتے ہوئے علاقے میں دیگر دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے لیے جاری کلیئرنس آپریشنز کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کو ہر قیمت پر شکست دی جائے گی اور دہشت گردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کی سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا۔


وزیراعظم شہباز شریف کی کامیاب آپریشن پر مبارک باد

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی ضلع واشک میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں میں اسے اہم کامیابی قرار دیا۔ وزیراعظم نے کارروائی میں 5 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اور سکیورٹی ادارے ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔


وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی ضلع واشک میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور عزم کو سراہا۔ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے والے سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ان کی قربانیوں اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

یہ خبر شیئر کریں

اپنی رائے دیں