رکن قومی اسمبلی کی مبینہ گمشدگی پر تشویش، پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کا مطالبہ

قومی اسمبلی کے اجلاس جاری ہونے کے باوجود منتخب نمائندے کی عدم موجودگی پر سوالات، سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر آئینی و پارلیمانی حقوق کے تحفظ پر زور
پاکستان تحریکِ انصاف جنوبی وزیرستان لوئر کے سینئر رہنما و سیکرٹری ہارون وزیر نے رکنِ قومی اسمبلی زبیر وزیر کی مبینہ گمشدگی اور ان کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ حکام اس معاملے کا فوری نوٹس لیں۔
اپنے بیان میں ہارون وزیر نے دعویٰ کیا کہ زبیر وزیر کے مبینہ اغواء کو ایک ماہ گزر چکا ہے، تاہم ان کے بارے میں تاحال کوئی مصدقہ معلومات سامنے نہیں آ سکیں۔ ان کے مطابق متعلقہ پولیس اسٹیشن میں درخواست جمع کرانے کے باوجود معاملے میں کوئی قابلِ ذکر پیش رفت نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے اجلاس شروع ہوئے ایک ہفتہ گزر چکا ہے اور اس دوران اسپیکر قومی اسمبلی کو زبیر وزیر کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کے لیے متعدد درخواستیں دی گئی ہیں، لیکن ان پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ ہارون وزیر کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے ایک مرتبہ پھر پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے سے انکار کیا ہے۔ انہوں نے اس فیصلے کو منتخب عوامی نمائندے کے آئینی حقوق اور پارلیمانی روایات کے منافی قرار دیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ یہ معاملہ صرف ایک سیاسی شخصیت تک محدود نہیں بلکہ اس سے جنوبی وزیرستان کے عوام کی قومی اسمبلی میں نمائندگی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی پر سیاسی مخالفین کے ساتھ غیر جمہوری طرزِ عمل اختیار کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے سیاسی کشیدگی میں اضافہ اور عوامی اعتماد متاثر ہو سکتا ہے۔
ہارون وزیر نے مزید کہا کہ زبیر وزیر کا تعلق ایک پسماندہ علاقے سے ہے اور وہ ماضی میں دہشت گردی کا نشانہ بھی بن چکے ہیں۔ ان کے بقول موجودہ صورتحال میں ان کی سلامتی اور عوامی نمائندگی سے متعلق خدشات کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔
انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی پر زور دیا کہ سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر زبیر وزیر کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کے معاملے پر فوری توجہ دی جائے، تاکہ ان کے حلقے کے عوام کی آواز قومی اسمبلی میں پہنچ سکے۔

جنوبی وزیرستان اپر کے سرکاری اسکولوں کا فرنیچر کہاں گیا؟ سنگین سوالات اٹھ گئے

جنوبی وزیرستان اپر: دو تحصیلوں میں کرفیو نافذ، کن علاقوں اور راستوں پر پابندی ہوگی؟

جنوبی وزیرستان: ڈسٹرکٹ بار میں ختمِ نبوت ہال اور جدید ای لائبریری کا افتتاح، وکلاء کی قانونی تحقیق اب ایک کلک پر

جنوبی وزیرستان میں مونگ پھلی کی ترسیل کے لیے کسانوں کو کن مشکلات کا سامنا ہے؟

ٹانک اور جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں آج کرفیو نافذ، متعدد راستے اور بازار بند رہیں گے
