بلوچستان: گوادر میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، دہشت گردی کی کوشش ناکام

آئی ایس پی آر کے مطابق گبد بارڈر کراسنگ اور گوادر شہر میں کلیئرنس آپریشن کے دوران خاتون سمیت 10 دہشت گرد ہلاک، ایک شہری شہید جبکہ چند گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
بلوچستان کے ضلع گوادر میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کی کوششیں ناکام بناتے ہوئے کلیئرنس آپریشن کے دوران ایک خاتون سمیت 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ حملوں میں ایک شہری شہید اور چند گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 22 اکتوبر کو گبد بارڈر کراسنگ اور گوادر شہر کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی کوشش کی گئی، جسے سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
آئی ایس پی آر نے الزام عائد کیا کہ حملہ آوروں کو بھارت کی سرپرستی حاصل تھی اور وہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کے ساتھ صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے تھے۔ بیان کے مطابق شہریوں کے تحفظ اور متاثرہ علاقوں کو محفوظ بنانے کے لیے گوادر شہر اور گردونواح میں کلیئرنس آپریشنز کیے گئے۔ مختلف مقامات پر فائرنگ کے تبادلے میں ایک خاتون سمیت 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے حملوں میں ایک شہری شہید ہوا اور چند گاڑیوں کو نقصان پہنچا، تاہم کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گوادر میں آپریشنز مکمل ہونے کے بعد متاثرہ علاقوں میں امن و امان اور ریاستی عملداری بحال کردی گئی ہے۔
بلوچ خاتون کو حملے میں استعمال کرنے کی مذمت
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا کہ دہشت گردوں نے ایک بلوچ خاتون کو زبردستی حملے میں استعمال کیا، جو بلوچ خواتین کے احترام اور مقامی روایات کے منافی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ دہشت گرد عناصر خواتین کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے ساتھ پروپیگنڈے اور عوامی جذبات بھڑکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق بلوچستان کے عوام اپنے نام پر تشدد اور خونریزی کرنے والے عناصر کو مسترد کرتے آئے ہیں۔
انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن عزمِ استحکام کے تحت ملک بھر میں انسدادِ دہشت گردی کی مہم جاری رہے گی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

بلوچستان کے ضلع واشک میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی، فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد ہلاک: آئی ایس پی آر

دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں کوئی کمی نہیں آئے گی، فیلڈ مارشل عاصم منیر

خیبر پختونخوا میں بڑھتی دہشت گردی ہر قیمت پر روکنا ہوگی، وزیراعظم شہباز شریف

جنوبی وزیرستان سے بلوچستان تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، کتنے دہشت گرد ہلاک ہوئے؟

9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کوشش ہوئی تو قانون کے مطابق فیصلہ کن کارروائی ہوگی، کور کمانڈرز کانفرنس
