دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں کوئی کمی نہیں آئے گی، فیلڈ مارشل عاصم منیر

چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں کو پوری قوت کے ساتھ آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دہشت گرد عناصر کو کسی بھی علاقے میں محفوظ پناہ گاہ میسر نہیں آنے دی جائے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں عسکری حکام نے انہیں خیبر پختونخوا میں سکیورٹی کے موجودہ حالات اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔
بریفنگ میں صوبے کے مختلف علاقوں میں جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، پاک افغان سرحد پر انتظامی و حفاظتی اقدامات اور فوجی دستوں کی پیشہ ورانہ تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بدلتے ہوئے سکیورٹی حالات کے پیش نظر ہر سطح پر مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔
انہوں نے بھارت کی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گرد گروہوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ پوری شدت سے جاری رہے گا اور ان کی موجودگی جہاں بھی سامنے آئے گی، وہاں مؤثر کارروائی کی جائے گی۔
آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء، زخمی اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی اداروں کی کوششوں کے ساتھ عوام کا تعاون بھی بنیادی اہمیت رکھتا ہے اور قومی یکجہتی کے ذریعے شدت پسند عناصر کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا یہ دورہ خیبر پختونخوا میں سکیورٹی اور انتظامی صورتحال سے متعلق جاری اعلیٰ سطحی مشاورت کے دوران سامنے آیا ہے۔ اس سے قبل وہ صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں بھی شریک ہوئے تھے، جہاں امن و امان اور متعلقہ حکومتی اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا گیا تھا۔

فیلڈ مارشل کے ساتھ مل کر خیبرپختونخوا میں امن و خوشحالی لائیں گے، وزیراعظم

ضلع خیبر: لنڈی کوتل پریس کلب پر نقاب پوش مسلح افراد کا دھاوا، ڈی پی او سے رپورٹ طلب

پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کیا اہم فیصلے ہوئے؟

پشاور: توہین رسالت کیس میں افغان شہری کو سزائے موت، ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا

خیبرپختونخوا پولیس نے ڈرون اور اینٹی ڈرون نظام سیف سٹی سے منسلک کر دیا
