جمعرات، 29 اکتوبر 2026

Read in English

خیبرپختونخوا پولیس نے ڈرون اور اینٹی ڈرون نظام سیف سٹی سے منسلک کر دیا

شائع 3
خیبرپختونخوا پولیس نے ڈرون اور اینٹی ڈرون نظام سیف سٹی سے منسلک کر دیا

ڈرون اور اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی مرکزی کنٹرول روم سے منسلک، پشاور سمیت چار اضلاع میں فضائی نگرانی کا نظام فعال ہوگا

خیبرپختونخوا پولیس نے ڈرون یونٹ اور اینٹی ڈرون نظام کو سیف سٹی منصوبے کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک کر دیا ہے، جس سے مشکوک ڈرونز کی نگرانی اور فضائی آپریشنز کو براہ راست مانیٹر کرنے میں مدد ملے گی۔

 
پولیس حکام کے مطابق ملک میں پہلی بار ڈرون یونٹ اور اینٹی ڈرون نظام کو سیف سٹی منصوبے سے منسلک کیا گیا ہے۔ نیا نظام امن و امان برقرار رکھنے کے لیے دفاعی اور جارحانہ حکمت عملیوں میں معاون ثابت ہوگا۔

 
پولیس کے مطابق اینٹی ڈرون نظام اپنے ریڈار کی حدود میں آنے والے ڈرونز کی نگرانی کرے گا۔ پشاور میں نصب ایک اینٹی ڈرون نظام پانچ کلومیٹر کے علاقے کا احاطہ کرے گا، جبکہ ریڈار کی حدود میں کسی مشکوک ڈرون کی موجودگی پر سیف سٹی کنٹرول روم کو فوری الرٹ موصول ہوگا۔


 
حکام کے مطابق سیف سٹی منصوبے سے منسلک ڈرون یونٹس کے ذریعے حساس مقامات، ٹریفک اور جرائم کی 24 گھنٹے فضائی نگرانی میں مدد ملے گی۔ جدید ٹیکنالوجی کی بدولت دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر اور مشکوک سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی بھی ممکن ہوگی۔

 
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پشاور کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور لکی مروت میں بھی سیف سٹی منصوبوں کے ساتھ ڈرون نگرانی کا نظام فعال ہوگا۔ اس نظام کے ذریعے صوبے کے مختلف علاقوں میں جاری فضائی نگرانی اور آپریشنز کو کنٹرول روم سے براہ راست دیکھا جا سکے گا۔

یہ خبر شیئر کریں

اپنی رائے دیں