ٹانک اور جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں کل کرفیو نافذ ہوگا

کرفیو کے دوران شہریوں کی نقل و حرکت اور ٹریفک پر پابندی ہوگی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ٹانک، جنوبی وزیرستان اپر اور جنوبی وزیرستان لوئر میں 24 نومبر کو صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک دفعہ 144 کے تحت کرفیو نافذ رہے گا، متعدد شاہراہوں پر ہر قسم کی آمد و رفت ممنوع ہوگی۔
ضلع ٹانک، جنوبی وزیرستان اپر اور جنوبی وزیرستان لوئر کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی انتظامات کے پیش نظر 24 نومبر بروز منگل کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ کرفیو کے دوران مخصوص علاقوں میں شہریوں کی نقل و حرکت، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی آمد و رفت پر پابندی ہوگی، جبکہ متاثرہ علاقوں کے متعدد بازار بھی بند رہیں گے۔
ضلع ٹانک میں ڈبرہ – ٹانک بائی پاس، بشمول بولٹن آباد، گرہ پتھر اور گرہ حیات، ٹانک بائی پاس – رنوال – منجھی خیل – بھگوال اور ٹانک – پیزو – پٹھان کوٹ – گل امام تا پیزو روڈ پر ہر قسم کی آمد و رفت بند رہے گی، جبکہ رنوال بازار بھی مکمل طور پر بند رہے گا۔
جنوبی وزیرستان اپر کی سب ڈویژنز سرویکئی اور لدھا میں لدھا – مکین – تبئی سر – بی بی رغزئی – سراروغہ – کوٹکئی – سپنکئی رغزائی – نذر خیل، درگئی پل – مدی جان – شین ورسک – مولے خان سرائے – چگملائی – جنڈولہ، سرویکئی – مولے خان سرائے – بروند اور آسمان منزہ – شیروانگی – تور وام کے راستوں پر آمد و رفت ممنوع ہوگی۔ اس دوران تمام بازار اور مارکیٹیں بھی بند رہیں گی۔
جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل وانا، وانا بازار اور وانا بائی پاس میں بھی کرفیو نافذ رہے گا۔ وانا – تیارزہ گیٹ – کرب کوٹ – تنائی – عزیز آباد چوک – درگئی پل اور گل کچ – توئی خلہ – تنائی کے راستوں پر ہر قسم کی ٹریفک، مسافر و مال بردار گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی آمد و رفت پر پابندی ہوگی۔
انتظامیہ کے مطابق ہنگامی صورتحال میں متعلقہ ضلعی پولیس یا سیکیورٹی فورسز کی خصوصی اجازت سے سفر کیا جا سکے گا، جبکہ جنوبی وزیرستان اپر میں ڈی پی او جنوبی وزیرستان اپر یا سیکیورٹی فورسز کی سفارش پر اجازت دی جائے گی۔
اس مقصد کے لیے شناختی کارڈ یا گاڑی کے کاغذات پیش کرنا ہوں گے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں، ایمبولینس اور فائر بریگیڈ سمیت ہنگامی خدمات کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
حکام نے ہدایت کی ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی گاڑی نظر آنے پر ٹانک اور جنوبی وزیرستان اپر میں اپنی گاڑی 50 میٹر جبکہ جنوبی وزیرستان لوئر میں 200 میٹر پہلے روک دی جائے۔ کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کرفیو کے دوران غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔

ٹانک اور جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں آج کرفیو نافذ، متعدد راستے اور بازار بند رہیں گے

جنوبی وزیرستان اور ٹانک میں 5 نومبر کو کرفیو نافذ، متعدد اہم شاہراہیں بند رہیں گی

جنوبی وزیرستان اپر: دو تحصیلوں میں کرفیو نافذ، کن علاقوں اور راستوں پر پابندی ہوگی؟

خیبر پختونخوا کے تین اضلاع میں کرفیو نافذ، کون سے علاقے، شاہراہیں اور بازار بند رہیں گے؟

جنوبی وزیرستان اپر میں بارودی دھماکے سے بم ڈسپوزل اسکواڈ کا اہلکار جاں بحق
