جنوبی وزیرستان اور ٹانک میں 5 نومبر کو کرفیو نافذ، متعدد اہم شاہراہیں بند رہیں گی

تینوں اضلاع میں ایمبولینس اور دیگر ہنگامی گاڑیوں کو آمد و رفت کی اجازت ہوگی۔
جنوبی وزیرستان لوئر، جنوبی وزیرستان اپر اور ضلع ٹانک میں 5 نومبر کو سیکیورٹی اقدامات کے پیش نظر دفعہ 144 کے تحت کرفیو نافذ کیا جائے گا، جس کے دوران متعدد اہم شاہراہوں پر ہر قسم کی ٹریفک اور نقل و حرکت پر پابندی ہوگی جبکہ بعض بازار بھی بند رہیں گے۔
جاری کردہ ہدایات کے مطابق جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل وانا میں صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔ اس دوران وانا بازار اور وانا بائی پاس سمیت مختلف راستوں پر مسافر گاڑیوں، مال بردار گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی آمد و رفت بند رہے گی۔
کرفیو کے باعث وانا، تیارزہ گیٹ، کرب کوٹ، تنائی، عزیز آباد چوک سے درگئی پل تک جبکہ گل کچھ اور توئی خلہ سے تنائی تک کے راستے بند رہیں گے۔اسی طرح جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل سرویکئی اور سراروغہ میں بھی 5 نومبر کو صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔ اس دوران ہر قسم کی نقل و حرکت پر پابندی ہوگی جبکہ تمام بازار اور مارکیٹس بھی بند رہیں گی۔
جنوبی وزیرستان اپر میں لدھا، مکین، تبئی سر، بی بی رغزئی، سراروغہ، کوٹکئی، سپنکئی رغزئی سے نذر خیل تک کا راستہ بند رہے گا۔ اس کے علاوہ درگئی پل، مدی جان، شین ورسک، مولا خان سرائے، چگملائی سے جنڈولہ، سرویکئی سے مولا خان سرائے اور بروند جبکہ آسمان منزہ سے شیرونگی اور توروام تک کے راستوں پر بھی آمد و رفت ممنوع ہوگی۔
دوسری جانب ضلع ٹانک میں بھی 5 نومبر کو صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک دفعہ 144 کے تحت پابندیاں نافذ رہیں گی۔ اس دوران پیدل آمد و رفت سمیت موٹر سائیکلوں، مسافر اور مال بردار گاڑیوں کی نقل و حرکت بند رہے گی جبکہ رنوال بازار بھی مکمل طور پر بند رہے گا۔
ضلع ٹانک میں ڈبرہ سے ٹانک بائی پاس، بولٹن آباد، گرہ پتھر اور گرہ حیات، ٹانک بائی پاس سے رنوال اور مانجھی خیل تا بھگوال، ٹانک سے پٹھان کوٹ اور گل امام تا پیزو، کوڑ فورٹ سے خرگئی تا جنڈولہ جبکہ ڈبرہ سے کوڑ فورٹ، گرداوی اور گومل زام ڈیم تا عزیز آباد کے راستوں پر آمد و رفت ممنوع ہوگی۔
ایمرجنسی اور شہریوں کے لیے ہدایات
حکام کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق تینوں اضلاع میں قانون نافذ کرنے والے اداروں، ایمبولینس، فائر بریگیڈ اور دیگر ہنگامی خدمات کو پابندیوں سے استثنا حاصل ہوگا۔
جنوبی وزیرستان لوئر اور جنوبی وزیرستان اپر میں شہری صرف ہنگامی صورت حال میں ضلعی پولیس یا سیکیورٹی فورسز کی اجازت سے متاثرہ راستوں پر سفر کر سکیں گے۔ اس کے لیے شناختی کارڈ اور گاڑی کے کاغذات جمع کروانا ہوں گے، جبکہ جنوبی وزیرستان اپر میں پولیو ورکرز اور ٹیموں کو اپنی شناخت ظاہر کرنے کے بعد نقل و حرکت کی اجازت ہوگی۔
ہدایات کے مطابق جنوبی وزیرستان لوئر میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی دیکھنے پر اپنی گاڑی 200 میٹر کے فاصلے پر روکنا ہوگی، جبکہ جنوبی وزیرستان اپر میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی دیکھنے پر 50 میٹر پہلے گاڑی روک کر تمام افراد کو نیچے اترنا ہوگا۔
ضلع ٹانک میں بھی صرف ہنگامی صورت حال میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ٹانک یا سیکیورٹی فورسز کی واضح اجازت سے متاثرہ راستوں پر سفر کیا جا سکے گا۔
جنوبی وزیرستان لوئر اور ضلع ٹانک میں پابندیوں کی خلاف ورزی پر تعزیرات پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی، جبکہ جنوبی وزیرستان اپر میں خلاف ورزی کی ذمہ داری متعلقہ فرد پر عائد ہوگی۔

ٹانک اور جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں آج کرفیو نافذ، متعدد راستے اور بازار بند رہیں گے

جنوبی وزیرستان اپر سمیت بارہ اضلاع کے سرکاری دفاتر اپنے اضلاع میں واپس آئیں گے؟ محمود جان بابر کا اہم بیان

جنوبی وزیرستان اپر: دو تحصیلوں میں کرفیو نافذ، کن علاقوں اور راستوں پر پابندی ہوگی؟

ٹانک میں یومِ سیاہ کشمیر کے حوالے سے پروقار تقریب، نوابزادہ وہاب خان کی خصوصی شرکت

جنوبی وزیرستان لوئر: دژہ غوندی چوک میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ، پولیس کانسٹیبل شہید
