جنوبی وزیرستان: زرمیلان سے نقل مکانی کی خبروں کی تردید، سلیمان خیل قبیلے کا گرینڈ جرگہ

ملک سردار عباس سلیمان خیل کی زیرِ قیادت جرگے میں مبینہ جعلی تصاویر اور نقل مکانی سے متعلق پروپیگنڈے کی شدید مذمت، علاقے کی ترقی پر زور۔
جنوبی وزیرستان لوئر کے علاقے خان کوٹ زرمیلان میں سلیمان خیل قبیلے کے گرینڈ جرگے نے علاقے سے نقل مکانی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ جرگے کے شرکاء نے الزام عائد کیا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے مبینہ جعلی تصاویر تیار کرکے سوشل میڈیا پر کئی خاندانوں کی نقل مکانی کا گمراہ کن تاثر دیا گیا۔
اے آر ڈی سی ممبر ملک سردار عباس سلیمان خیل کی زیرِ قیادت منعقدہ گرینڈ جرگے میں سلیمان خیل قبیلے کے قومی مشران، قبائلی عمائدین اور مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
جرگے میں متفقہ طور پر مؤقف اختیار کیا گیا کہ زرمیلان میں سلیمان خیل قبیلہ آباد ہے اور علاقے سے بڑے پیمانے پر نقل مکانی کی خبریں حقائق کے منافی ہیں۔ شرکاء نے عوام پر زور دیا کہ وہ غیر مصدقہ خبروں اور سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں پر یقین نہ کریں۔
قومی مشران نے کہا کہ بعض سوشل میڈیا عناصر موسمی نقل مکانی اور روزگار کے سلسلے میں عارضی طور پر دوسرے علاقوں میں جانے کے عمل کو غلط انداز میں پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ موسمی نقل مکانی کو علاقے سے مستقل یا جبری ہجرت کے طور پر پیش کرنے سے گریز کیا جائے۔
جرگے کے شرکاء نے مصنوعی ذہانت کے ذریعے مبینہ جعلی تصاویر تیار کرکے نقل مکانی کا تاثر دینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی غیر مصدقہ معلومات سے عوام میں غلط فہمیاں پیدا ہوتی ہیں۔
قومی مشران کا کہنا تھا کہ سلیمان خیل ایک پُرامن قبیلہ ہے اور مقامی آبادی اپنے علاقے میں رہنے، امن برقرار رکھنے اور ترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی خواہاں ہے۔
اس موقع پر قبائلی عمائدین نے اے آر ڈی سی ممبر ملک سردار عباس سلیمان خیل سے توقع ظاہر کی کہ وہ زرمیلان کے عوام کو درپیش مسائل مؤثر انداز میں اعلیٰ حکام تک پہنچائیں گے اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کے آغاز کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
جرگے کے اختتام پر شرکاء نے علاقے میں امن، ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے غیر مصدقہ اطلاعات اور افواہوں سے گریز کرنے کی اپیل کی۔

پشاور میں جنوبی وزیرستان کے دو صحافی مبینہ طور پر اغوا

شیخ فاطمہ ہسپتال شولام کی طبی سہولیات پر سوالات، کارکردگی کی تفصیلات سامنے لانے کا مطالبہ

جنوبی وزیرستان میں آئی جی ایف سی کا پولیس کمپلیکس کا دورہ، شہریوں کو کن سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا؟

جنوبی وزیرستان اور ٹانک میں 5 نومبر کو کرفیو نافذ، متعدد اہم شاہراہیں بند رہیں گی

جنوبی وزیرستان اپر سمیت بارہ اضلاع کے سرکاری دفاتر اپنے اضلاع میں واپس آئیں گے؟ محمود جان بابر کا اہم بیان
