جمعرات، 29 اکتوبر 2026

ٹانک اور جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں آج کرفیو نافذ، متعدد راستے اور بازار بند رہیں گے

شائع 5
ٹانک اور جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں آج کرفیو نافذ، متعدد راستے اور بازار بند رہیں گے

شہریوں کی آمدورفت پر پابندی، صرف ہنگامی صورتحال میں اجازت سے سفر ممکن ہوگا۔

جنوبی اضلاع ٹانک، جنوبی وزیرستان اپر اور جنوبی وزیرستان لوئر میں ہفتہ 24 اکتوبر کو صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔ اس دوران مختلف علاقوں میں آمدورفت پر پابندی ہوگی، جبکہ جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل سرویکئی اور سراروغہ سمیت جنوبی وزیرستان لوئر کے وانا بازار اور وانا بائی پاس میں بھی نقل و حرکت محدود رہے گی۔


ضلع ٹانک میں ڈبرہ سے ٹانک بائی پاس، رنوال، منجھی خیل، بھگوال، کوڑ قلعہ، خرگئی، جنڈولہ اور گومل زام ڈیم سمیت مختلف راستوں پر ہر قسم کی آمدورفت بند رہے گی۔ اس دوران رنوال اور جنڈولہ بازار بھی صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک بند رہیں گے۔


جنوبی وزیرستان اپر میں لدھا، مکین، تبئی سر، بی بی رغزئی، سراروغہ، کوٹکئی، سپنکئی رغزئی اور نذر خیل سمیت مختلف علاقوں کو ملانے والے راستوں پر داخلہ ممنوع ہوگا۔ اسی طرح درگئی پل، اسی طرح درگئی پل، مدی جان، شین ورسک، مولا خان سرائے، چگملائی، جنڈولہ، سرویکئی اور بروند جانے والے راستوں پر بھی آمدورفت پر پابندی ہوگی۔  آسمان منزہ، شیرونگی اور توروام کے درمیان آمدورفت بھی بند رہے گی۔


جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل وانا کے منتخب علاقوں، وانا بازار اور وانا بائی پاس میں بھی کرفیو کے باعث نقل و حرکت پر پابندی ہوگی۔ وانا سے تیارزہ گیٹ، کرب کوٹ، تنائی، عزیز آباد چوک اور درگئی پل تک جانے والے راستے سمیت گل کچ سے توئی خلہ اور تنائی تک آمدورفت بند رہے گی۔


کرفیو کے دوران صرف ہنگامی صورتحال میں پولیس یا سیکیورٹی فورسز کی اجازت سے سفر کیا جا سکے گا۔ شہریوں کو شناختی کارڈ اور گاڑی کے کاغذات ساتھ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ بعض مقامات پر اجازت کے لیے یہ دستاویزات جمع کروانا بھی ضروری ہوگا۔


ہدایات کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو دیکھ کر گاڑی 50 میٹر پہلے روکنا ہوگا اور جنوبی وزیرستان اپر میں گاڑی میں سوار تمام افراد کو نیچے اترنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں، ایمبولینس، فائر بریگیڈ اور دیگر ہنگامی خدمات کو ضلع ٹانک میں کرفیو سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔


 جنوبی وزیرستان اپر میں پولیو ورکرز اور ٹیمیں اپنی شناخت ظاہر کرنے کے بعد نقل و حرکت کر سکیں گی۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کرفیو کے دوران جاری کردہ پابندیوں پر عمل کریں، بصورت دیگر خلاف ورزی کی ذمہ داری متعلقہ فرد پر عائد ہوگی۔

یہ خبر شیئر کریں

اپنی رائے دیں