جمعہ، 2 اکتوبر 2026

خیبرپختونخوا میں ڈینگی کیسز میں اضافہ، ایک ہفتے میں کتنے نئے کیسز رپورٹ ہوئے؟

خیبرپختونخوا میں ایک ہفتے کے دوران ڈینگی کے 446 نئے کیسز کی تصدیق، رواں سال مجموعی تعداد 2 ہزار 175 ہوگئی، کوہاٹ سب سے زیادہ متاثر۔

· 1 منٹ میں پڑھیں
خیبرپختونخوا میں ڈینگی کیسز میں اضافہ، ایک ہفتے میں کتنے نئے کیسز رپورٹ ہوئے؟

خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 446 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی، جبکہ رواں سال صوبے میں مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 175 تک پہنچ گئی ہے۔

محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے میں صوبے بھر سے 2 ہزار 178 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے 446 افراد کے ڈینگی سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔

رواں سال 8 ہزار 905 مشتبہ کیسز رپورٹ
محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق رواں سال اب تک خیبرپختونخوا میں 8 ہزار 905 مشتبہ کیسز سامنے آچکے ہیں۔ تاہم حکام کے مطابق صوبے میں ڈینگی کے باعث اب تک کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔

کوہاٹ میں سب سے زیادہ ڈینگی کیسز
اعداد و شمار کے مطابق کوہاٹ رواں سال ڈینگی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ضلع ہے، جہاں کیسز کی تعداد ایک ہزار 313 تک پہنچ گئی ہے۔

پشاور میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مزید 43 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد رواں سال شہر میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 324 ہوگئی ہے۔ اسی طرح بنوں میں 101 جبکہ ہری پور میں 65 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ڈینگی کی روک تھام کے لیے اقدامات جاری
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ صوبے میں ڈینگی کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔ مچھروں کی افزائش روکنے کے لیے مختلف علاقوں میں لاروا کی نشاندہی اور تلفی کا عمل بھی جاری ہے۔

یہ خبر شیئر کریں