جمعہ، 2 اکتوبر 2026

لوئر دیر میں بچوں کی اموات کی وجہ کیا؟ محکمہ صحت کی 10 رکنی ٹیم تحقیقات کے لیے روانہ

لوئر دیر کی تحصیل ادینزئی میں بچوں کی اموات اور شدید بخار کی اطلاعات پر محکمہ صحت نے 10 رکنی ٹیم تحقیقات کے لیے متاثرہ علاقوں میں بھیج دی۔

· 1 منٹ میں پڑھیں
لوئر دیر میں بچوں کی اموات کی وجہ کیا؟ محکمہ صحت کی 10 رکنی ٹیم تحقیقات کے لیے روانہ

تحصیل ادینزئی کے بعض پہاڑی علاقوں میں بچوں کی اموات، شدید بخار اور سانس لینے میں دشواری کی اطلاعات کے بعد محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے صورتحال کی تحقیقات کے لیے 10 رکنی ریپڈ رسپانس ٹیم متاثرہ علاقوں میں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

محکمہ صحت لوئر دیر کی درخواست پر تشکیل دی گئی ٹیم متاثرہ دیہات کا دورہ کرکے تفصیلی فیلڈ انویسٹی گیشن کرے گی۔ ٹیم بچوں میں رپورٹ ہونے والی علامات کی تصدیق کے ساتھ ممکنہ وبائی، ماحولیاتی اور ویکٹر سے متعلق عوامل کا بھی جائزہ لے گی۔

10 رکنی ٹیم کو کیا ذمہ داریاں دی گئی ہیں؟
مراسلے کے مطابق تحقیقاتی ٹیم میں پبلک ہیلتھ، سرویلینس اور انٹامولوجی سے وابستہ ماہرین اور دیگر متعلقہ اہلکار شامل ہیں۔ ٹیم متاثرہ علاقوں سے ضروری معلومات اور شواہد اکٹھے کرکے بچوں میں سامنے آنے والی علامات اور اموات کی ممکنہ وجوہات کا جائزہ لے گی۔

ٹیم کو متاثرہ دیہات کا دورہ اور تحقیقات مکمل کرنے کے بعد تین دن کے اندر رپورٹ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انتظامیہ کا صورتحال پر مؤقف
ڈپٹی کمشنر لوئر دیر بشارت احمد نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ انتظامیہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ ان کے مطابق متاثرہ دیہات میں بعض اموات رپورٹ ہوئی ہیں، تاہم فی الحال ان اموات کا کسی مخصوص بیماری سے تعلق ثابت نہیں ہوا۔

انہوں نے عوام سے غیر مصدقہ اطلاعات پر خوفزدہ نہ ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال کی اصل وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ ادارے تحقیقات کر رہے ہیں۔

یہ خبر شیئر کریں