پشاور اسکول حادثہ: وجوہات جاننے کے لیے انکوائری کمیٹی قائم، فوری رپورٹ طلب
پشاور میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے واقعے کی تحقیقات کے لیے محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا نے انکوائری کمیٹی قائم کر دی، فوری رپورٹ اور سفارشات طلب

پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے کے بعد محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا نے انکوائری کمیٹی قائم کر دی، جسے حادثے کی وجوہات، ممکنہ غفلت اور عمارت کے ساختی نقائص کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا کے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے پشاور کے علاقے دیر کالونی میں واقع نجی تعلیمی ادارے الخیر ایجوکیشن سسٹم کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی قائم کر دی ہے۔فراہم کردہ نوٹیفکیشن کی تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی کے جاوید اقبال کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ڈپٹی سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد فاروق کمیٹی کے رکن ہوں گے۔
کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حادثے کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لے اور اپنی رپورٹ فوری طور پر متعلقہ حکام کو پیش کرے۔ انکوائری کے دوران اسکول کی عمارت میں ممکنہ ساختی کمزوریوں، تعمیراتی نقائص، حفاظتی انتظامات اور کسی بھی قسم کی غفلت کا جائزہ لیا جائے گا۔
کمیٹی مستقبل میں تعلیمی اداروں میں ایسے المناک واقعات کی روک تھام کے لیے ضروری تجاویز اور سفارشات بھی مرتب کرے گی۔ واضح رہے کہ جمعرات، 15 اکتوبر 2026 کو پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے سے بڑی تعداد میں بچے اور ایک خاتون ٹیچر جاں بحق ہوگئے، جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوئے۔حادثے کے بعد ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی اداروں نے فوری کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال سمیت مختلف طبی مراکز منتقل کیا گیا۔
پولیس نے واقعے کے بعد اسکول کے مالک کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ ابتدائی تحقیقات میں عمارت کی مضبوطی اور تعمیراتی معیار سے متعلق سنگین سوالات سامنے آئے ہیں۔ واقعے نے نجی تعلیمی اداروں کی عمارتوں کے حفاظتی معیار، متعلقہ اداروں کی نگرانی اور بچوں کے تحفظ کے انتظامات سے متعلق اہم سوالات کھڑے کردیے ہیں۔

لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور سے نومولود بچہ مبینہ طور پر اغوا، پولیس نے تحقیقات شروع کردیں

پشاور: توہین رسالت کیس میں افغان شہری کو سزائے موت، ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا

خیبرپختونخوا پولیس نے ڈرون اور اینٹی ڈرون نظام سیف سٹی سے منسلک کر دیا

خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے وار جاری، متاثرہ افراد کی تعداد کتنی ہوگئی؟

دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں کوئی کمی نہیں آئے گی، فیلڈ مارشل عاصم منیر
