قبائلی جرگہ وفاق اور خیبرپختونخوا حکومت کے درمیان مذاکرات کے لیے سرگرم

وفاقی اور خیبرپختونخوا حکومت کے درمیان مذاکرات کے لیے قبائلی مشران نے رابطے تیز کر دیے ہیں۔ سابق گورنر خیبرپختونخوا انجینئر شوکت اللہ خان اور خان مرجان کی قیادت میں جرگے نے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام سے ملاقات کی۔
قبائلی مشران اس سے قبل صوبائی حکومت سے بھی رابطہ کر چکے ہیں، جبکہ اب وفاقی سطح پر ملاقات کے دوران دونوں حکومتوں کے درمیان بات چیت اور باہمی مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سابق گورنر شوکت اللہ خان کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے ہونے والی ملاقاتوں کے بعد امید ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت مذاکرات کی میز پر بیٹھ سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ جرگے کا مقصد دونوں حکومتوں کے درمیان رابطے کا راستہ ہموار کرنا اور مسائل کے حل کے لیے بات چیت کو فروغ دینا ہے۔
جرگے میں انجینئر شوکت اللہ خان، ملک سلطان زیب، ملک محمد ایاز، ملک ولی آف کمر ماموند، ملک بہادر شاہ اتمان خیل، ملک حفظ الرحمن سالارزئی، ملک نادر، حاجی صابر، حاجی صافی، منان، ملک احمد مہمند، ملک عبدالرزاق آفریدی، ملک انعام مہمند صافی، ملک ایاز مہمند اور ملک شیراعظم خان سالارزئی سمیت دیگر قبائلی مشران شریک تھے۔