پیر، 5 اکتوبر 2026

برطانوی فوجی اڈے پر حملے کا خدشہ، امریکا نے B-1 بمبار طیارے واپس بلا لیے

امریکا نے برطانیہ کے RAF فیئرفورڈ ائیربیس پر ممکنہ حملے کے خدشے کے بعد اپنے B-1 بمبار طیارے واپس امریکا بلا لیے۔

شائع · 5 اکتوبر 2026، 11:22 · 1 منٹ میں پڑھیں
برطانوی فوجی اڈے پر حملے کا خدشہ، امریکا نے B-1 بمبار طیارے واپس بلا لیے

واشنگٹن: امریکا نے برطانیہ کے RAF فیئرفورڈ ائیربیس پر ممکنہ حملے کے خدشے کے پیش نظر وہاں تعینات اپنے B-1 بمبار طیارے واپس امریکا بلا لیے ہیں۔

امریکی محکمہ دفاع کے ایک عہدیدار کے مطابق فیئرفورڈ ائیربیس پر تعینات امریکی بمبار طیارے اپنے امریکی اڈوں پر واپس پہنچ چکے ہیں۔ یہ پیش رفت ائیربیس پر مبینہ حملے کی منصوبہ بندی کے شبہے میں پانچ افراد کی گرفتاری کے بعد سامنے آئی۔

امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ آپریشنل سکیورٹی کے باعث فوجی اثاثوں اور اہلکاروں کی نقل و حرکت کی فوری تصدیق نہیں کی گئی تھی، تاہم اب طیاروں کی واپسی کی تصدیق کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ B-1، B-2 اور B-52 بمبار طیاروں کے آپریشنز سے وابستہ امریکی فضائی اہلکار دنیا میں کسی بھی مقام پر ضرورت کے مطابق کارروائی کی صلاحیت برقرار رکھتے ہیں، جس میں امریکی سرزمین سے پرواز کرکے مشن مکمل کرنے اور واپس آنے کی صلاحیت بھی شامل ہے۔

دوسری جانب برطانوی ائیربیس کے قریب گرفتار کیے گئے پانچوں افراد کو ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے، جبکہ ایران نے مبینہ حملے کی منصوبہ بندی میں کسی بھی قسم کے کردار کی تردید کی ہے۔

برطانوی تفتیش کاروں کے مطابق ملزمان کی گاڑیوں سے پیٹرول ملا، تاہم کوئی دھماکا خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔ برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات بدستور جاری ہیں۔

رپورٹس کے مطابق لندن کے شمال مغرب میں واقع RAF فیئرفورڈ پر امریکی B-1 بمبار طیارے تعینات کیے گئے تھے۔

یہ خبر شیئر کریں

تبصرے

ابھی کوئی تبصرہ نہیں۔ پہلا تبصرہ آپ کریں۔

اپنی رائے دیں

تبصرے منظوری کے بعد شائع ہوتے ہیں۔ براہِ کرم شائستہ زبان استعمال کریں۔