جمعرات، 29 اکتوبر 2026

ضلع خیبر: لنڈی کوتل پریس کلب پر نقاب پوش مسلح افراد کا دھاوا، ڈی پی او سے رپورٹ طلب

شائع 29
ضلع خیبر: لنڈی کوتل پریس کلب پر نقاب پوش مسلح افراد کا دھاوا، ڈی پی او سے رپورٹ طلب

پریس کلب میں موجود دو صحافیوں اور ایک ملازم کے مطابق مسلح افراد نے مختلف حصوں کی تلاشی لی۔

ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل میں واقع ڈسٹرکٹ پریس کلب میں پولیس یونیفارم میں ملبوس نقاب پوش مسلح افراد کے داخلے اور مختلف حصوں کی تلاشی لینے کے واقعے کا مشیر اطلاعات برائے ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ محمود جان بابر نے نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

 
ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ رات تقریباً ساڑھے سات بجے پیش آیا، جب پولیس یونیفارم میں ملبوس نقاب پوش مسلح افراد پریس کلب میں داخل ہوئے اور مختلف حصوں کی تلاشی لی۔ واقعے کے وقت پریس کلب میں دو صحافی اور ایک ملازم موجود تھے۔ 


موجود صحافیوں اور ملازم کے مطابق داخل ہونے والے افراد مقامی پولیس اہلکار تھے، تاہم وہ بغیر اجازت پریس کلب میں داخل ہوئے۔ ان کے مطابق مسلح افراد جوتے پہنے ہوئے پریس کلب کے کارپٹ پر چلتے رہے اور مختلف حصوں کی تلاشی لیتے رہے۔

 
صحافی برادری نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے صحافیوں پر دباؤ ڈالنے اور انہیں خوف زدہ کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات صحافیوں کے تحفظ، آزادیٔ صحافت اور صحافتی اداروں کے احترام سے متعلق سوالات اٹھاتے ہیں۔

 
دوسری جانب مشیر اطلاعات محمود جان بابر نے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ کسی بھی مشکل صورت حال میں صحافی برادری کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ان کے بقول، صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہیں اور ان کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔


 
صحافی برادری نے بھی پریس کلب میں نامعلوم نقاب پوش مسلح افراد کے داخلے اور تلاشی کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کا نوٹس لینے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ پریس کلب کی کابینہ کے مطابق واقعے سے متعلق مزید تفصیلات صحافیوں سے مشاورت کے بعد سامنے لائی جائیں گی۔

یہ خبر شیئر کریں

اپنی رائے دیں