جنوبی وزیرستان میں ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کی تیاریاں، صحافیوں کے لیے آگاہی سیشن کا انعقاد
جنوبی وزیرستان میں ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کی تیاریوں کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس وانا میں صحافیوں کے لیے آگاہی سیشن منعقد ہوا۔

جنوبی وزیرستان لوئر میں 11 سے 24 نومبر تک جاری رہنے والی ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس وانا میں جمعرات کو ڈسٹرکٹ پریس کلب کے صحافیوں کے لیے آگاہی سیشن منعقد کیا گیا، جس میں مہم کے مقاصد، حفاظتی فوائد اور عوامی آگاہی کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جنوبی وزیرستان لوئر نے بتایا کہ مہم کے دوران 9 سے 14 سال کی اہل بچیوں کو ایچ پی وی ویکسین لگائی جائے گی، جس کا مقصد مستقبل میں سروائیکل کینسر یعنی رحم کے منہ کے کینسر کے خطرے کو کم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی پیپیلوما وائرس کی بعض اقسام سروائیکل کینسر کی بنیادی وجوہات میں شامل ہیں، جبکہ بروقت ویکسینیشن اس بیماری سے بچاؤ کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے مہم کی کامیابی میں ذرائع ابلاغ کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحافی مستند طبی معلومات عوام تک پہنچانے، والدین میں شعور بیدار کرنے اور ویکسین سے متعلق غلط فہمیوں کے خاتمے میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت مہم کے دوران زیادہ سے زیادہ اہل بچیوں تک ویکسین پہنچانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے، جبکہ والدین اور ویکسینیشن ٹیموں کے درمیان مؤثر رابطے کو بھی اہمیت دی جا رہی ہے۔ سیشن کے دوران والدین کو ویکسین کے فوائد، مہم کے شیڈول اور حفاظتی اقدامات سے متعلق آگاہ کرنے پر زور دیا گیا۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ ویکسینیشن کے حوالے سے کسی بھی سوال یا خدشے کی صورت میں مستند طبی عملے سے رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے کہا کہ محکمہ صحت، میڈیا اور مقامی آبادی کے باہمی تعاون سے ویکسینیشن مہم کے اہداف حاصل کرنے اور بچیوں کو مستقبل میں سروائیکل کینسر کے خطرات سے محفوظ رکھنے میں مدد ملے گی۔

جنوبی وزیرستان لوئر میں گندم کے بیج کی قیمتیں مقرر، سرٹیفائیڈ اور بیسک بیج کتنے میں ملے گا؟

وانا کے صحافیوں کے مسائل پر اہم رابطہ، کن مشکلات کے حل کی یقین دہانی کرائی گئی؟

جنوبی وزیرستان: علاقائی نمائندگی میں شمن خیل قوم کو نظرانداز کیے جانے پر تحفظات، منصفانہ نمائندگی کا مطالبہ

جنوبی وزیرستان لوئر میں سرکاری محکموں کے سربراہان کی مبینہ غیر حاضری، انتظامی کارکردگی پر سوالات

جنوبی وزیرستان میں آئی ایس ایف کا احتجاج، گورنر راج اور سیاسی رہنماؤں کی گرفتاریوں کے خلاف نعرے بازی
