پشاور: نجی اسکول کی چھت گرنے سے المناک حادثہ، متعدد بچے اور خاتون ٹیچر جاں بحق
پشاور کی دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے سے 27 بچے اور ایک خاتون ٹیچر جاں بحق، متعدد زخمی۔ ریسکیو آپریشن اور تحقیقات جاری

پشاور کے علاقے دیر کالونی میں الخیر اسکول سسٹم کی چھت گرنے سے متعدد بچوں اور ایک خاتون ٹیچر کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ حادثے میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ ملبے تلے دبے مزید افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے دیر کالونی میں واقع نجی تعلیمی ادارے الخیر اسکول سسٹم کی چھت منہدم ہونے سے متعدد طلبہ اور ایک خاتون ٹیچر جاں بحق ہوگئے، جبکہ کئی بچوں کو زخمی حالت میں لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان محمد عاصم نے کم از کم 17 طلبہ اور ایک خاتون ٹیچر کی ہلاکت کی تصدیق کی۔
بعد میں بعض مقامی رپورٹس میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد زیادہ بتائی گئی، تاہم مختلف ذرائع سے سامنے آنے والے اعداد و شمار میں فرق پایا جاتا ہے ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 13 سال سے کم ہیں۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ بعض زخمی بچوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں، ایمبولینسیں اور امدادی گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ امدادی اہلکاروں نے ملبہ ہٹانے اور اس کے نیچے دبے افراد کو نکالنے کے لیے کارروائیاں شروع کر دیں۔ حادثے کے بعد لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ہنگامی انتظامات کیے گئے، جبکہ طبی عملے کو زخمیوں کے علاج اور فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے متحرک کر دیا گیا۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی۔ انہوں نے زخمی بچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے متعلقہ حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔
دوسری جانب مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا ثمر ہارون بلور نے بھی حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو زخمی بچوں کی بروقت طبی امداد یقینی بنانے اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق اسکول کی چھت گرنے کی وجوہات فوری طور پر واضح نہیں ہوسکیں۔ متعلقہ حکام کی جانب سے حادثے کی تحقیقات اور متاثرین کی مکمل تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے۔

پشاور اسکول حادثہ: وجوہات جاننے کے لیے انکوائری کمیٹی قائم، فوری رپورٹ طلب

لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور سے نومولود بچہ مبینہ طور پر اغوا، پولیس نے تحقیقات شروع کردیں

خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھنے کا فیصلہ، ایپکس کمیٹی

خیبرپختونخوا میں ڈینگی کیسز میں اضافہ، ایک ہفتے میں کتنے نئے کیسز رپورٹ ہوئے؟

پشاور: توہین رسالت کیس میں افغان شہری کو سزائے موت، ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا
