منگل، 3 نومبر 2026

Read in English

جنوبی وزیرستان کنٹریکٹر یونین کے انتخابات، نیاز محمد وزیر بھاری اکثریت سے صدر منتخب

شائع 0
جنوبی وزیرستان کنٹریکٹر یونین کے انتخابات، نیاز محمد وزیر بھاری اکثریت سے صدر منتخب

نومنتخب کابینہ کے دیگر عہدیداران کا بھی انتخاب، کنٹریکٹرز کے حقوق کے تحفظ اور تمام فیصلے باہمی مشاورت سے کرنے کا اعلان

جنوبی وزیرستان لوئر میں وانا کنٹریکٹر یونین کے انتخابات میں نیاز محمد وزیر بھاری اکثریت سے صدر منتخب ہوگئے، جبکہ دیگر عہدوں کے لیے بھی نئی کابینہ کا انتخاب کرلیا گیا۔ انتخابی نتائج کے مطابق آصف خان نائب صدر، فضل خان جنرل سیکرٹری، محمد رفیق فنانس سیکرٹری، رسول زمان ڈپٹی فنانس سیکرٹری، شاکر خان احمدزئی انفارمیشن سیکرٹری اور امیر خاتم وزیر آفس سیکرٹری منتخب ہوئے۔


کامیابی کے بعد نومنتخب صدر نیاز محمد وزیر نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ تمام کنٹریکٹرز کو ساتھ لے کر چلیں گے اور کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کنٹریکٹرز کے جائز حقوق کا تحفظ، میرٹ اور شفافیت ان کی اولین ترجیحات ہوں گی۔


انہوں نے کہا کہ کسی کنٹریکٹر کے جائز حق پر ڈاکا ڈالنے یا اسے بلاوجہ نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یونین تمام اراکین کے مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے حصول کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔


نیاز محمد وزیر نے قوم احمدزئی وزیر کی جانب سے اعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی مدتِ صدارت میں اس اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ ان کے مطابق کسی بھی کنٹریکٹر کو دشواری یا ناانصافی کا سامنا ہو تو وہ یونین سے رجوع کرسکتا ہے۔


نومنتخب صدر کا کہنا تھا کہ وانا کنٹریکٹر یونین پوری کنٹریکٹر برادری کی نمائندہ تنظیم ہے، جہاں گروپ بندی اور ذاتی اختلافات کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔ تمام اہم فیصلے اراکین کو اعتماد میں لے کر باہمی مشاورت سے کیے جائیں گے۔


دوسری جانب کنٹریکٹر برادری نے نیاز محمد وزیر اور نومنتخب کابینہ کے دیگر عہدیداران کو کامیابی پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ نئی قیادت کنٹریکٹرز کے اجتماعی مفادات کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔

یہ خبر شیئر کریں

اپنی رائے دیں