پاکستان کی خودمختاری اور سرحدوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، جنرل سید عامر رضا
کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، تاہم اس کی امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ مسلح افواج ملکی سرحدوں اور خودمختاری کو لاحق کسی بھی خطرے کا مؤثر جوا

کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اپنی علاقائی سالمیت، قومی خودمختاری اور سرحدوں کے تحفظ پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گا اور سرحد پار سے ہونے والی جارحیت یا خلاف ورزی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں منعقدہ پاسنگ آؤٹ پریڈ سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں 154ویں پی ایم اے لانگ کورس، 39ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 73ویں انٹیگریٹڈ کورس اور 28ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے کیڈٹس نے شرکت کی۔
جنرل سید عامر رضا نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ علاقائی امن، تحمل، مذاکرات اور تنازعات کے پُرامن حل کو ترجیح دی ہے، لیکن کسی بھی مخالف قوت کو ملک کی امن کی خواہش کو کمزوری تصور نہیں کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرحدوں کے پار جارحانہ عزائم رکھنے والوں کے لیے پاکستان کا مؤقف واضح ہے۔ کسی بھی غلط اندازے یا جارحانہ اقدام کی صورت میں ایسا جواب دیا جائے گا جو جارحیت کرنے والوں کی توقعات سے کہیں زیادہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ کے بنیادی اصولوں کے تحت وطن عزیز کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔
علاقائی امن اور سفارتی کوششوں کا ذکر
جنرل سید عامر رضا نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے سفارتی کوششوں کو اہمیت دیتا ہے اور عالمی سطح پر اس کے مثبت کردار کو تسلیم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اسلام آباد معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ علاقائی کشیدگی میں کمی اور امن کی بحالی کے لیے پاکستان کی کوششیں اس کی ذمہ دارانہ خارجہ پالیسی کی عکاسی کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن، باہمی احترام اور مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے حل کی حمایت جاری رکھے گا۔
مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر مؤقف
کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ نے مسئلہ کشمیر کو تقسیمِ برصغیر کا نامکمل ایجنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس تنازعے کا حل اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ فلسطین کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے جنرل سید عامر رضا نے خواتین اور بچوں سمیت بے گناہ شہریوں کو درپیش مشکلات پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کے حقوق کے لیے سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ شہری آبادی کو نشانہ بنانا اور بنیادی تنصیبات کو نقصان پہنچانا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
جدید ٹیکنالوجی اور عسکری صلاحیتوں کی اہمیت
جنرل سید عامر رضا نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی نے جنگ کے روایتی طریقوں کو تبدیل کر دیا ہے، جس کے باعث مسلح افواج کو نئے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہو گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاک فوج جدید دفاعی ٹیکنالوجی اور بدلتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنا رہی ہے۔نئے افسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کریں اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مسلسل بہتر بنائیں تاکہ مستقبل کے چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مضبوط کردار، دیانت داری، حوصلہ، پیشہ ورانہ قابلیت اور اعتماد ایک کامیاب فوجی قیادت کی بنیادی خصوصیات ہیں۔
بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر پاکستان کا ردعمل
واضح رہے کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اپنے حالیہ بیان میں پاکستان سے مبینہ طور پر ہونے والی کسی آئندہ دہشت گرد کارروائی کے جواب میں پہلے سے زیادہ سخت فوجی کارروائی کی دھمکی دی تھی پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر دفاع کے بیان کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے مسترد کیا تھا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور کسی بھی جارحیت کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔
فارغ التحصیل کیڈٹس کو مبارک باد
جنرل سید عامر رضا نے پاکستان ملٹری اکیڈمی سے تربیت مکمل کرنے والے کیڈٹس کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ نئے افسران ملک کے دفاع اور قومی سلامتی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے بنگلہ دیش، عراق، مالدیپ، فلسطین، قطر، سری لنکا، تاجکستان اور یمن سے تعلق رکھنے والے فارغ التحصیل کیڈٹس کو بھی مبارک باد دی۔ جنرل سید عامر رضا نے کیڈٹس کے والدین اور تربیتی عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اکیڈمی میں حاصل ہونے والی تربیت، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ اصولوں کو عملی زندگی میں برقرار رکھنا نئے افسران کی اہم ذمہ داری ہے۔

ٹانک میں یومِ سیاہ کشمیر کے حوالے سے پروقار تقریب، نوابزادہ وہاب خان کی خصوصی شرکت
وطن زیب محسودوطن زیب محسود جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے صحافی ہیں.7 اکتوبر: ایک تاریخ جس نے دنیا بدل دی، مگر کیا دنیا نے اس سے کچھ سیکھا؟

پشاور: توہین رسالت کیس میں افغان شہری کو سزائے موت، ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا

ٹانک اور جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں آج کرفیو نافذ، متعدد راستے اور بازار بند رہیں گے

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا طویل انتظار ختم؟ الیکشن کمیشن نے بڑا اعلان کر دیا
