جمعہ، 2 اکتوبر 2026

جنوبی وزیرستان وانا میں خسرہ پھیلنے کا خدشہ، سینکڑوں بچوں کے متاثر ہونے کا دعویٰ

جنوبی وزیرستان لوئر کے علاقے وانا، برمل، شکئی اور دیگر علاقوں میں خسرہ سے سینکڑوں بچوں کے متاثر ہونے کا دعویٰ، مقامی افراد نے فوری طبی اقدامات کا مطالبہ کردیا۔

· 1 منٹ میں پڑھیں
جنوبی وزیرستان وانا میں خسرہ پھیلنے کا خدشہ، سینکڑوں بچوں کے متاثر ہونے کا دعویٰ

ضلع جنوبی وزیرستان لوئر کے مختلف علاقوں میں خسرہ کے کیسز بڑھنے اور سینکڑوں بچوں کے متاثر ہونے کے دعوے سامنے آئے ہیں، جبکہ مقامی افراد نے صحت مراکز میں طبی سہولیات کی کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ صحت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق برمل، توئی خلہ، زرمَلن، شکئی اور وانا کے مختلف علاقوں میں بچوں میں خسرہ کی علامات سامنے آرہی ہیں۔ تاہم متاثرہ بچوں کی مجموعی تعداد سے متعلق محکمہ صحت کی جانب سے تاحال کوئی سرکاری اعداد و شمار سامنے نہیں آئے۔

صحت مراکز میں سہولیات کی کمی کی شکایات
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بعض بنیادی مراکز صحت میں ادویات کی کمی، طبی عملے کی عدم دستیابی اور ضروری سہولیات کے فقدان کے باعث متاثرہ بچوں کو بروقت طبی امداد کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق دور دراز علاقوں سے بیمار بچوں کو علاج کے لیے وانا یا دیگر بڑے طبی مراکز تک پہنچانا بھی والدین کے لیے مشکل ہے۔

محکمہ صحت سے فوری اقدامات کا مطالبہ
مقامی افراد نے محکمہ صحت خیبرپختونخوا، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں کی صورتحال کا فوری جائزہ لینے کے لیے میڈیکل ٹیمیں روانہ کی جائیں۔

انہوں نے خسرہ سے بچاؤ کی ویکسینیشن مؤثر بنانے، بنیادی مراکز صحت میں ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی حاضری یقینی بنانے اور ضروری ادویات کی دستیابی کے لیے اقدامات کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

یہ خبر شیئر کریں