محمد رضوان کے خلاف این سی سی آئی اے کیس، یونس خان نے کیا مشورہ دیا؟
محمد رضوان کے خلاف این سی سی آئی اے کیس پر یونس خان نے محتاط رویہ اختیار کرنے اور قانونی طریقہ کار پر عمل کرنے کا مشورہ دے دیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے محمد رضوان سے متعلق این سی سی آئی اے کیس پر محتاط رویہ اپنانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بطور کرکٹر رضوان کے ساتھ کھڑے ہیں، تاہم کسی بھی معاملے میں قانونی طریقہ کار پر عمل ہونا چاہیے۔
ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) ایک باقاعدہ ادارہ ہے اور محمد رضوان کو قانونی کارروائی کے دوران طے شدہ طریقہ کار کے مطابق آگے بڑھنا چاہیے۔
حتمی فیصلے تک احتیاط ضروری ہے، یونس خان
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ انہیں کیس کی مکمل تفصیلات کا علم نہیں اور وہ کسی فریق کے وکیل بھی نہیں، اس لیے تحقیقات یا حتمی فیصلے سے قبل اس معاملے پر رائے قائم کرنے میں احتیاط برتنی چاہیے۔
یونس خان کے مطابق محمد رضوان سے متعلق معاملہ ایک آفیشل ٹور کے دوران پیش آیا، اس لیے کیس کا نتیجہ سامنے آنے سے پہلے کوئی حتمی رائے دینا مناسب نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وہ بطور کرکٹر محمد رضوان کے ساتھ کھڑے ہیں، تاہم کھلاڑی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے بڑے نہیں ہوسکتے اور ادارہ جاتی و قانونی طریقہ کار کا احترام کیا جانا چاہیے۔
یونس خان نے اپنا تجربہ بھی بیان کردیا
یونس خان نے گفتگو کے دوران اپنے ماضی کے تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ انہیں بھی ایک موقع پر اسی نوعیت کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا اور ان کا معاملہ تقریباً چار ماہ تک جاری رہا۔
